اسلام آباد (ڈیسک) ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے احساس پروگرام اور پناہ گاہیں بند کرنے کی خبروں کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نے واضح کیا تھا کہ عوامی خدمت کے منصوبے جاری رہیں گے۔
جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نہ صرف جاری رہے گا بلکہ اسے مزید توسیع دی جائے گی، وزیراعظم شہباز شریف نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بچوں اور بچیوں کی تعلیم کا ذریعہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے، کوئی پروگرام بند نہیں ہوا، عوام کی بھلائی کے ہر منصوبے کو مزید بہتر بنائیں گے ان شااللہ۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کا شروع کردہ صحت کارڈ اسی طرح چلتا رہے گا، اسے مزید بہتر بنائیں گے، یہ جھوٹ وہ پھیلا رہے ہیں جنہیں وزیراعظم کی کرسی اور کنٹینر پر جھوٹ بولنے کی عادت ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ میڈیا سے بھی گزارش ہے کہ وہ ایسی بے بنیاد اطلاعات کو جگہ دینے سے اجتناب کرے، اللہ تعالی کا شکر ہے کہ آج ملک میں ایک منتخب وزیراعظم ہے جو عوام کا دکھ درد اور احساس رکھتا ہے، آج ملک میں ایسا منتخب وزیراعظم ہے جو عوام کیلئے فراخ دلی اوران کی خدمت کا جذبہ رکھتا ہے، آج ملک میں ایسا منتخب وزیراعظم ہے جو عوامی اور قومی سلامتی کے ایشوز کو اپنی سیاست کیلئے استعمال نہیں کرتا۔