لاہور(ڈیسک)لاہور کی احتساب عدالت نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ آصف ہاشمی کے خلاف متروک بورڈ میں اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے بھرتیاں کرنے کے ریفرنس میں آصف ہاشمی کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
احتساب عدالت کے جج عزیز اللہ کلو نے کیس کی سماعت کی۔ سوموار کوآصف ہاشمی کو جیل کی حراست سے عدالت میں پیش کیا گیا۔آصف ہاشمی نے اپنی بریت کی درخواست پر خود دلائل دئیے۔ آصف ہاشمی نے موقف اختیار کیا کہ ان پر جھوٹ پر مبنی مقدمہ بنایا گیا، کیس میں کوئی صداقت نہیں ہے، نیب معاملے کو لٹکا رہا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ کیس میں بری کرنے کا حکم دیا جائے۔ نیب ریفرنس میں آصف ہاشمی پر بطور چیئرمین 2009 سے 2012 کے درمیان متروکہ وقف املاک بورڈ میں 777 افراد کو میرٹ سے ہٹ کر بھرتی کرنے کا الزام ہے،عدالت نے بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، عدالت فیصلہ 27 اپریل کو سنائے گی۔