راولپنڈی (نیوز ڈیسک) احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کردی، بشریٰ بی بی کی بریت کا فیصلہ ریفرنس کے حتمی فیصلے تک محفوظ کرلیا گیا۔
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی بریت کا فیصلہ ریفرنس کے حتمی فیصلے کے دن سنایا جائے گا۔
ریفرنس پر سماعت اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔
کیس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور امجد پرویز ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے جبکہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء ظہیر عباس چوہدری اور عثمان گل بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کے آخری گواہ تفتیشی افسر پر وکلائے صفائی نے جرح کی جبکہ میاں عمر ندیم پر 7 ستمبر کو مزید جرح کی جائے گی۔