راولپنڈی (ڈیسک) پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے واضح کیا ہے کہ پاک فوج نے ہمیشہ اپنی آپریشنل تیاریوں اور جنگی قابلیت پر فخر کیا ہے اور کرتے رہیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنے ہتھیاروں، ساز وسامان اور جنگی وسائل کو تیار رکھا ہے اور رکھیں گی۔
پاک فوج کے ادرے کی جانب سے وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ جنگی قابلیت سے متعلق سابق آرمی چیف کا بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔
بیان کے مطابق پاکستان آرمی کی انوینٹری میں موجود بعض ہتھیاروں کے نظام کی حالت اور ان کی جنگی قابلیت کے بارے میں میڈیا پر بحث ہوئی، سابق آرمی چیف نے مستقبل کے خطرات سے متعلق اپنے خیالات آف دی ریکارڈ انٹر ایکٹو سیشن میں میڈیا سے شیئر کیے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ وطن کے دفاع کے لیے پاک افواج کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، فورسز کو جنگی تیاریوں اور قابلیت پر پورا بھروسہ ہے ، پاک فوج قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔