You are currently viewing آرمی چیف کی تعیناتی کے مراحل دو تین دن میں مکمل ہوجائیں  گے، خواجہ آصف

آرمی چیف کی تعیناتی کے مراحل دو تین دن میں مکمل ہوجائیں  گے، خواجہ آصف

اسلام آباد (ڈیسک)  وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق وزارت دفاع کو وزیر اعظم کا خط مل گیا ہےجس کے بارے میں جی ایچ کیو کو بتا دیا گیا ہے، دو تین روز میں تمام مراحل مکمل ہوجائیں گے اور یہ ہیجان ختم ہوجائے گا۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ایک دو دن میں اس حوالے سے فیصلہ بھی متوقع ہے، دو یا تین دن میں سارے مراحل طے ہو جائیں گے جس کے بعد عمران خان سے جو دو دو ہاتھ کرنے ہیں وہ بھی ہو جائے گا، خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں ادارے اپنا آئینی کردار ادا کر رہے ہیں، عمران خان اداروں کو غیر آئینی اقدامات پر اکسا رہے ہیں، عمران خان اپنے اقتدار کے لیے غیر آئینی حربے استعمال کر رہے ہیں، عمران خان اقتدار کے غم میں پاگل ہوئے ہیں، عمران خان کا فلسفہ قوم کی خدمت نہیں بلکہ یہی ہے کہ چور چور کہے جاؤ اس پر ووٹ ملیں گے۔ وزیردفاع نے کہا کہ عمران خان 4 سال سپورٹ کے باوجود کچھ نہ کرسکے تو اداروں پر حملہ نہ کریں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ توشہ خانہ سے تحفے لے کر بیچنے والا صرف عمران خان ہے، عمران خان نے بھارت سے ملا گولڈ میڈل بھی فروخت کیا، عمران خان نے غیر ممالک سے ملنے والے تحائف کو بیچنا کاروبار بنایا ہوا تھا۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان نے سیاست کے ساتھ سماجی اقدار کو بھی نقصان پہنچایا۔