دبئی (ڈیسک)بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اور کپتان ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ وہ آئی پی ایل کے 14 ویں ایڈیشن کے بعد رائل چیلنجرز بنگلور کی کپتان کے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔
32 سالہ ویرات کوہلی اس سے قبل اس بات کی بھی تصدیق کر چکے ہیں کہ وہ آئندہ ماہ شیڈول آئی سی سی ٹی-20 ورلڈ کپ کے اختتام پر بھارتی کی ٹی 20 ٹیم کی قیادت بھی چھوڑ دیں گے۔ آئی پی ایل 2021کے 14 ایڈیشن کے اختتام پر 32 سالہ کوہلی فرنچائز رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی ) کی قیادت سے پیچھے ہٹ جائیں گے۔وہ ورلڈ کپ کے بعد بھارتی ٹی-20ٹیم کے کپتان کے طور دستیاب نہیں ہوں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی پی ایل میں بطور کپتان میرا آخری سیزن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بطور کھلاڑی میں کھیلتا رہوں گا۔ویرات کوہلی پہلی بار 2008 میں رائل چیلنجرز بنگلور کے لیے کھیلے تھے اور اس کے بعد اب تک آئی پی ایل میں کسی دوسری ٹیم کی نمائندگی نہیں کی ۔ کوہلی کو 2013 میں کپتان نامزد کیا گیا تھا۔ان کی قیادت میں ان کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور 2016 کے ایڈیشن میں رنر اپ رہی تھی ۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے بارے میں آر سی بی کے علاوہ کسی دوسری ٹیم میں نہیں سوچ سکتا۔ میں آئی پی ایل میں اپنا آخری کھیل کھیلنے تک آر سی بی پلیئر رہوں گا۔آئی پی ایل کا موجودہ سیزن متحدہ عرب امارات میں مئی میں ملتوی ہونے کے بعد دوبارہ شروع ہوا ہے جبکہ بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔