اسلام آباد(ڈیسک) ملک بھر کے یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے خور و نوش کی قیمتیں بڑھا دی گئیں، انتظامیہ کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری ہو گیا۔
جن اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ان میں سرخ مرچ کے 100 گرام پیکٹ پر 16 روپے بڑھائے گئے۔ شہد کا 100 گرام کا جار 100 روپے مہنگا ہوا۔ گرم مصالحہ 42 روپے ، ایک کلو اچار 57 روپے مہنگا ہو گیا۔ چائے کے 900 گرام والے پیکٹ پر تقریباً چار سو روپے تک اضافہ کر دیا گیا، مذکورہ پیکٹ کی قیمت 950 روپے تھی جو اب بڑھ کر 1305 روپے ہو گئی۔ ٹی وائٹنر کی قیمت 100 روپے بڑھ گئی۔ بچوں کے خشک دودھ کی قیمت میں 260 روپے اضافہ ہوا، خشک مصالحے کے مختلف پیکٹوں پر 50 روپے تک بڑھا دیے گئے۔ مختلف اقسام کے مشروبات بھی مہنگائی کی زد سے نہ بچ سکے۔ چھوارے 40 روپے مہنگے، کھیر کی قیمت میں 20 روپے اضافہ کر دیا گیا۔ ان کے علاوہ دیگر اشیا پر بھی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ یوٹیلٹی اسٹورز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اشیا پر قیمتیں ان کی کمپنیوں کی جانب سے بڑھائی گئی ہیں تا کہ چیزوں کی دستیابی اور کوالٹی کو ممکن بنایا جا سکے۔ یوٹیلٹی اسٹور تاحال صارفین کو سبسڈائزڈ گھی 300 روپے فی کلو میں مہیا کر رہا ہے، اسی طرح چینی 70 روپے فی کلو اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 800 روپے میں فروخت کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دالوں اور چاولوں پر بھی سبسڈی دی جا رہی ہے۔