اسلام آباد(ڈیسک) صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے یوم تکبیرکے موقع پرقوم کو مبارکباددیتے ہوئے کہاہے کہ ہمیں اپنی سیاسی اور عسکری قیادت کو سراہنا چاہیے جنہوں نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بناتے ہوئے ایٹمی صلاحیت کے حصول کے لیے اس وقت ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا، خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لئے جوہری دھماکے ناگزیر تھے۔
ایوان صدرپریس ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق صدرمملکت نے کہاکہ وہ یوم تکبیر کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ، آج کے دن 25 سال قبل بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے ایٹمی تجربات کئے جو خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لئے ناگزیر تھے۔
صدر مملکت نے کہاکہ جوہری صلاحیت کا حصول واقعی ایک قابل ذکر کارنامہ تھا اور اس کے لیے ہمارے سائنسدان، انجینئرز، اس وقت کی سیاسی اور عسکری قیادت قابل تحسین ہے۔ اس دن پوری قوم اپنے نامور انجینئرز اور سائنسدانوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے مختصر عرصے میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنا دیا۔
صدرنے کہاکہ ہمیں اپنی سیاسی اور عسکری قیادت کو سراہنا چاہیے جس نے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بناتے ہوئے ایٹمی صلاحیت کے حصول کے لیے اس وقت ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا، اس کے لیے ہماری پوری قوم ان تمام لوگوں کی ممنون ہے جنہوں نے پاکستان کو پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔
صدرنے کہاکہ آج کے دن، آئیں ہم اپنے لوگوں کی فکری ترقی میں سرمایہ کاری کرنے اور اپنے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے سائبر سکیورٹی کو مضبوط بنا کر پاکستان کو ایک محفوظ ملک بنانے کا عہد کریں۔
انھوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ہم اپنی اجتماعی کوششوں سے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ اللہ ہمارا حامی و ناصر ہو۔
