اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر كام کرنا ہوگا، ملکی اتحاد، سالمیت اور معاشی استحکام کے لیے پرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی حق خود ارادیت کے لیے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی و سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے، پُرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے، پاکستان کے لیے انگنت قربانیاں دینے والے تحریک پاکستان کے رہنماؤں، کارکنان اور اپنے آباؤ اجداد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ قوم کو ہم سے بہت سی توقعات ہیں، عوامی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش کرنی چاہیے، قائد اعظم کے فرمان کے مطابق تمام تر توجہ عوام الناس اور غریب طبقے کی فلاح و بہبود پر مرکوز کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عظیم ملک بنانے کے لیے نوجوانوں اور خواتین پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی، ملکی ترقی کے لیے خدمات کی فراہمی بہتر بنانے، کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر آصف زرداری نے مزید کہا کہ جشن آزادی پر سات دہائیوں سے اپنی آزادی اور حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والے اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، آج ہم مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔
دریں اثناء یوم آزادی کی مناسبت سے اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم اپنے آباؤ اجداد اور تحریک پاکستان کے ان لا تعداد گمنام ہیروز کی بے پناہ قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے جنوبی ایشیا میں کروڑوں مسلمانوں کے لیے آزاد مملکت کے لیے جدوجہد کی جہاں وہ اپنے عقائد اور اقدار کے مطابق زندگی گزار سکیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک بھر کے عوام اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان علامہ محمد اقبال کے تصور کے عین مطابق 14 اگست 1947کو قائداعظم محمد علی جناح کی غیر متزلزل اور ثابت قدم قیادت اور ہمارے اسلاف کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر ایک آزاد اور خودمختار ملک کے طور پر ابھرا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یوم آزادی کے اس موقع پر میں اپنی مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جو ہماری سرحدوں اور خودمختاری کی حفاظت کرتے ہیں۔ افواج پاکستان کی لازوال قربانیاں، فرض کی ادائیگی کے لیے سچی لگن اور وطن کی حفاظت کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کا جذبہ انتہائی احترام اور تعریف کے مستحق ہیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کی اس وقت تک مکمل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا جب تک وہ اپنا بنیادی حق، حق خود ارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔ پاکستان صیہونی ظلم و جبر کے شکار نہتے فلسطینیوں کی بھی ان کے جائز حقوق کے حصول تک حمایت جاری رکھے گا۔