پیرس (نمائندہ خصوصی صاحبزادہ عتیق) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں یوم اقبال کے حوالے سے ایک شاندار اور پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی میزبانی ممتاز سیاسی و کاروباری شخصیت سردار ظہور اقبال ، راجہ علی اصغر ، چوہدری یاسر مردان اور کشمیری رہنما چوہدری نعیم نے کی۔ فرانس میں موجود پاکستانی کمیونٹی کی تمام نامور شخصیات نے تقریب میں بھرپور شرکت کی ۔
پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد نعت رسول مقبول ؐ پیش کی گئی۔ اس موقع پر پاکستان اور فرانس کے قومی ترانوں کی دُھنیں بھی بجائی گئیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی فرانس میں حال ہی میں متعین ہونے والے پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد تھے۔ تقریب کے میزبان سردار ظہور اقبال ، راجہ علی اصغر، نعیم چوہدری، یاسر مردان اور معززین کمیونٹی نے عاصم افتخار کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے ان کا استقبال کیا ۔
پاکستان کے سفیر عاصم افتخار نے تقریب کے منتظمین کو اتنی خوبصورت تقریب کے انعقاد پر دل سے مبارکباد پیش کی۔ انھوں نے کہا کہ اقبال کا پیغام صرف اس وقت کے لوگوں کے لئے نہیں تھا بلکہ آنے والی نسلوں کے لئے بھی ہے ، ہر دور کے باشعور اور حریت پسند لوگوں کے لئے اقبال کی شاعری پیغام ہے۔ اقبال کے حوالے سے اتنی خوبصورت تقریب اور کمیونٹی کے تمام مکتبہ فکر کے نمائندوں کا ایک چھت تلے اکٹھے ہونا ، اقبال کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہت شاندار اور منفرد انداز ہے جس پر آپ سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔
عاصم افتخار نے مزید کہا کہ فرانس اور پاکستان کے تعلقات بہتری کی طرف گامزن ہیں اور ان تعلقات میں مستقبل میں مزید بہتری اور مضبوطی آئے گی۔ اصل میں فرانس میں ہمارے سفیر آپ تمام لوگ ہیں ، آپ سب پاکستان ایمبیسی کے لئے بہت بڑا اثاثہ ہیں ، آپ کا فرانسیسی لوگوں سے کاروبار ، جاب ، پڑھائی کے حوالے سے ایک تعلق ہے اس لئے پاکستان کا جو خوبصورت اور روشن امیج آپ بہتر پیش کرسکتے ہیں شاید وہ ہم نہیں کرسکتے، پاکستانی اور فرانس کے لوگوں کے درمیان رابطے اور تعلقات بڑھانے کا آپ ایک مؤثر اور مضبوط ذریعہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں آپ لوگوں کی خدمات کو سراہنا چاہتا ہوں اور آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ کمیونٹی کے مسائل کے حوالے سے آپ کو سفیر پاکستان اور دوسرے افسران کے ساتھ رابطہ کرنے میں کبھی کوئی دشواری نہیں ہوگی، ہم ہر وقت آپ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ ہمیں آپ کی بہتر تجاویز ، تعاون اور رہنمائی کی ضرورت رہے گی جن کی روشنی میں ہم قونصلر سیکشن کو مزید بہتر بنائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ میرے اسٹاف نے مجھے بتایا کہ آپ لوگوں کا تعاون ہمیشہ ہمارے ساتھ رہا ہےجس پر ایمبیسی کے ساتھ ساتھ میں بھی آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ، آپ لوگ جب سفارتخانہ پاکستان کا ساتھ دیتے ہیں تو آپ پاکستان اور ریاست ہاکستان کا ساتھ دیتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر مہمانوں کے اعزاز میں شاندار ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان ایمبسی کے ڈیفنس اتاشی رضوان احمد ، نیول اتاشی شفیق الرحمن ، پریس اتاشی دانیال گیلانی ، ہیڈ قونصلر احسان کریم نے بھی شرکت کی-

