You are currently viewing یوم استحصال کشمیر تاریخ کا سیاہ دن، جہانگیر ترین؛ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے رہینگے، قمر کائرہ

یوم استحصال کشمیر تاریخ کا سیاہ دن، جہانگیر ترین؛ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے رہینگے، قمر کائرہ

لاہور، اسلام آباد (ڈیسک) استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین نے ہفتہ کو یوم استحصال کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ 5اگست 2019 کو سیاہ دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا جبکہ وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر قمر کائرہ نے کہا ہے کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے رہیں گے۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ بھارت نے اس دن غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کی، پورا پاکستان آزادی کشمیر کی جدوجہد میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہے۔
انھوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو بھی کشمیری عوام کی آواز پر بیدار ہونا پڑے گا،استحکام پاکستان پارٹی کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنے تک ان کے حق میں آواز اٹھاتی رہے گی، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کشمیر سے ہی مکمل ہو گا۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ 5فروری ہو یا 5اگست ہم بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں کشمیر میں بھارتی جبرو استبداد کی داستان کے خلاف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ، اقوام عالم کو کشمیری عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے یاد دلانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔
انھوں نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست2019 کے کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنے کے بھارتی غیر قانونی اقدامات کے خلاف پاکستانی اور کشمیری عوام اس دن کو یوم استحصال کے طور پر منا رہی ہے۔
وہ ہفتہ کو یوم استحصال کے موقع پر شاہراہ دستور ڈی چوک پر منعقدہ ریلی اور تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ یوم استحصال کشمیر کے حوالیسے شاہراہِ دستور اسلام آباد پر ریڈیو پاکستان چوک سے ڈی چوک تک ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی میں پاکستانی اور کشمیری عوام کے علاوہ سول سوسائٹی کے نمائندوں ، کشمیری حریت قیادت اور پاکستان سویٹ ہومز کے بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت ۔ اس موقع پر عوام نے بھارتی اقدامات کے خلاف احتجاج کیا اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔