میڈرڈ(ڈیسک) یوئیفا چیمپئنز لیگ میں ریال میڈرڈ اور چیلسی کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا سیمی فائنل لیگ کا پہلا میچ 1-1 گول سے برابر رہا۔
چیلسی کی طرف سے کرسچن پلِیسک اور ریال میڈرڈ کی طرف سے بنزیما نے ایک ایک گول سکور کیا۔یوئیفا چیمپئنز لیگ میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ چیلسی کے این گولو کینٹی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ کو الفریڈو سٹیڈیم، میڈرڈ میں یوئیفا چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل مرحلے کے فرسٹ لیگ میچ میں برطانوی کلب چیلسی اور ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں ،دونوں ٹیموں کے درمیان انتہائی سخت مقابلہ رہا۔ چیلسی کےکھلاڑی کرسچن پلیسک نے میچ شروع ہونے کے بعد 14 ویں منٹ میں ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو ریال میڈرڈ کے خلاف 0-1 گول کی برتری دلادی۔ جس کو ریال میڈرڈ کے کھلاڑی بنزیما نے 27ویں منٹ میں ایک گول کر کے 1-1 گول سے تبدیل کر دیا۔ میچ کے پہلے ہاف پر دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر تھا ۔ دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ رہا اور دونوں ٹیموں نے گول کے حصول کے لئے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابر توڑ حملے کیے تاہم کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی اور مقررہ وقت تک مقابلہ 1-1 گول سے برابری پر ختم ہوگیا۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیکنڈ لیگ سیمی فائنل میچ 5مئی کو سٹیمفورڈ برج سٹیڈیم، فلہام میں کھیلا جائے گا۔ ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کو سب سے زیادہ 13 بار یوئیفا چیمپئنز لیگ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے جبکہ انگلش کلب چیلسی نے ایک بار ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔