You are currently viewing یاسمین راشد اور خدیجہ شاہ سمیت 17خواتین کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

یاسمین راشد اور خدیجہ شاہ سمیت 17خواتین کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

لاہور (ڈیسک) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جناح ہائوس حملہ اورجلائو گھیرائو کے الزام میں درج مقدمے میں گرفتار تحریک انصاف کی رہنما و سابق صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد اور معروف فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ سمیت 17خواتین کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 20جولائی تک توسیع کرتے ہوئے واپس جیل بھیج دیا۔
انسدادہشت گردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے کیس کی سماعت کی۔
جمعرات کو سماعت پر ڈاکٹر یاسمین راشد اور خدیجہ شاہ سمیت دیگر خواتین کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ کی معیاد ختم ہونے پر جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا اور ملزمان کی حاضری لگائی گئی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے تفتیشی رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 20جولائی تک توسیع کرتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا۔
عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر خواتین ملزمان کو 20جولائی کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔
خواتین ملزمان کو تھانہ سرور روڈ میں 9مئی کو جناح ہائوس پر حملے اور جلائو گھیرائو کے الزام میں درج مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا انھیں دیگر متعدد مقدمات کا بھی سامنا ہے۔