You are currently viewing ہندوکش پہاڑی سلسلے میں ہولناک زلزلہ، پاکستان کے کئی شہر لرز گئے، درجنوں افراد زخمی

ہندوکش پہاڑی سلسلے میں ہولناک زلزلہ، پاکستان کے کئی شہر لرز گئے، درجنوں افراد زخمی

اسلام آباد (ڈیسک) افغانستان میں ہندوکش کے پہاڑی سلسلے میں آنے والے 6.8 شدت کے زلزلے سے پاکستان کے مختلف شہر لرز اٹھے۔
ہولناک زلزلے سے اب تک ایک خاتون کے جاں بحق جبکہ درجنوں افراد کے زخمی ہونے اور مکانات و دیواریں گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے بتایا ہے کہ زلزلے کی گہرائی 180 کلو میٹر زیر زمین تھی اور اس کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجکر 47 منٹ پر آیا، زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کا خطہ تھا۔
ہولناک زلزلے کے شدید جھٹکے پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، بلوچستان کے مختلف شہروں پشاور، کوہاٹ، صوابی، لاہور، کوئٹہ، راولپنڈی، بہاولپور، لودھراں، ڈی جی خان، میانوالی، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، سیالکوٹ، منڈی بہاءالدین، حجرہ شاہ مقیم، پاکپتن، اوکاڑہ، پھول نگر، پتوکی، عارف والا، کوٹ رادھا کشن، شاہکوٹ، چونیاں، قصور، شیخوپورہ، پاکپتن ، پارا چنار، کرک ،لکی مروت، مردان ، باجوڑ، نوشہرہ، گلگت، دیامر، اسکردو، چلاس، غذر، لوئر دیر، سوات، سیدو شریف، نوشہرہ، مانسہرہ، خیبر، پاراچنار ، مظفر آباد، باغ نیلم میں محسوس کیے گئے۔
زلزلے سے لوگ خوفزدہ ہوکر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھرو ں سے نکل آئے ۔
شدید زلزلے کے باعث مختلف شہروں میں دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں ، لوئر دیر کے علاقے ڈھیری میں زلزلے سے مکان کی دیوار گرگئی جس میں دب کرخاتون جاں بحق ہوگئی۔
سیدوشریف اسپتال سوات میں زلزلے میں زخمی 32 افراد لائے گئے جبکہ لوئر دیر میں ہی زلزلے کے دوران بھگدڑ کے دوران 7 افراد گر کر زخمی ہوگئے جنہیں تیمر گرہ اسپتال منتقل کیا گیا۔
صوابی کے علاقے شیخ جانہ میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔
زلزلے سےکالام کے قریب کرکنڈی پل پر لینڈ سلائیڈنگ کےباعث بحرین روڈ بلاک ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے اور آفٹر شاکس کی شدت 3.7 ریکارڈ کی گئی۔
راول پنڈی میں زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث معروف تجارتی مرکز کمرشل مارکیٹ کی کئی عمارتوں میں دراڑیں پڑ گئیں۔
اسکردو، چلاس، میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں ایک کثیرالمنزلہ عمارت زلزلے کے جھٹکوں سے متاثر ہوگئی۔ دیواروں پر دراڑیں پڑ گئیں ۔
زلزلے کے جھٹکے ترکمانستان، بھارت، قازقستان، تاجکستان، ازبکستان، چین، افغانستان کرغزستان میں بھی محسوس کیے گئے۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7