اسلام آباد (ڈیسک) سابق وزیر اعظم میاں محمد نوا ز شریف کا کہنا ہے کہ ہم غیر شفاف الیکشن کی طرف جارہے ہیں جبکہ ایسے انتخابات کے نتائج کو ئی تسلیم نہیں کرے گا ۔
احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم غیر شفاف الیکشن کی طرف جارہے ہیں تاہم الیکشن میں سب کے لیے یکساں مواقع ہونے چاہئیں، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ کسی کو بند گلی میں دھکیلا جائے، اگر ایسا کیا گیا تو یہ پری پول دھاندلی ہوگی، یہ نہیں کہ کسی کو دبایا جائے اور کسی کو کھلی چھٹی دی جائے، ایسے انتخابات کے نتائج کوئی تسلیم نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کہا جارہا ہے کہ پنجاب کی کارکردگی اچھی نہیں، آپ بتائیں کس صوبے کی کارکردگی اچھی ہے، عام شخص بھی بتائے گا کہ پنجاب کی کارکردگی سب سے بہتر ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس نے کہا کسی قسم کے جوڈیشل مارشل لاء پریقین نہیں رکھتے، مجھے پارٹی صدارت سے ہٹانا اور سینیٹرز سے سلوک چیف جسٹس کی باتوں کی نفی ہے، چیف جسٹس عمران خان اور آصف زرداری کی زبان بول رہے ہیں، چیف جسٹس کے منہ سے وہی بات نکلتی ہے جو عمران خان اور آصف زرداری کرتے ہیں۔