جھنگ (ڈیسک ) چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ 35 سال سے پاکستان پر مسلط خاندانوں سے ہے۔
سری لنکا کی طرح سندھ میں بھی ایک خاندان بادشاہ بنا ہوا ہے‘ ہمارا مقابلہ صرف لوٹوں سے نہیں ہے، نوازشریف سے ہے جس نے کبھی ایمانداری سے کام نہیں لیا، الیکشن کمیشن سے ہے جو مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ملا ہوا ہے ، امپائروں کی طرف داری کے باوجود ہم نے میچ جیتنا ہے، ‘ وہ لوگ جو بڑی دیر سے ملک میں پاور میں بیٹھے ہیں وہ الیکشن کے نتائج کے ساتھ انجینئرنگ کرنے کے ماہر ہیں، انہوں نے بھی الیکٹرونک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) نہیں آنے دی۔جھنگ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ دو خاندان جو 35سال سے پاکستان پر مسلط ہیں‘دونوں نے ہر جگہ جعلی ووٹ بنائے ہوئے ہیں، انہوں نے ای وی ایم کی پوری مخالفت کی اور ان کے ساتھ چیف الیکشن کمشنر مل گیا اور ای وی ایم نہیں آنے دی صرف اس لیے کہ دھاندلی کا موقع دیں۔سندھ کا الیکشن کمشنر صوبائی حکومت کا ملازم ہے، ان سے پیسے لیتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بچے بھی جانتے ہیں کہ لوٹا کیا ہوتا ہے، لوٹا وہ نہیں ہوتا جو غسل خانے میں استعمال کیا جاتا ہے، لوٹا وہ ہوتا ہے جو اپنا ضمیر بیچتا ہے۔ یہ وہ لوٹے ہیں جو پیسے لے کر ووٹ کو بیچتے ہیں، پاکستان کے آئین کے خلاف جاتے ہیں،ملک سے غداری کرتے ہیں، امریکی سازش کا حصہ بن کر 22 کروڑ پاکستانیوں کی حکومت کو گراتے ہیں۔