نئی دہلی (ڈیسک) ہزاروں فٹ بلندی پر دوران پرواز بھارتی مسافر نے جہاز کا ایمرجنسی گیٹ کھول کر چھلانگ لگانے کی کوشش کی جسے عملے نے ناکام بنا دیا۔
بھارتی ائیر لائن انڈیگو کے ایک طیارے میں ہزاروں فٹ بلندی پر مسافر نے ایمرجنسی دروازہ کھول کر چھلانگ لگانے کی کوشش کی۔
طیارہ گوہاٹی سے اگرتلہ جا رہا تھا، ایک روز قبل مہاراجہ بیر بکرم ایئر پورٹ سے اڑنے والی انڈیگو ایئر لائن کی فلائٹ میں مذکورہ واقعہ پیش آیا۔
عملے کے مطابق جب جہاز رن وے سے اڑتے ہوئے تقریباً 15میل کا سفر طے کر چکا تو 41سالہ بھارتی مسافر بسواجیت ڈیبتھ نے ایمرجنسی دروازہ کھول کر چھلانگ لگانے کی کوشش کی۔
پولیس نے بتایا کہ مسافر ذہنی تناؤ کا شکار تھا ، مسافر نے خطرناک فعل سرانجام دے کر نہ صرف مسافروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا بلکہ جہاز کے عملے سے لڑائی جھگڑا بھی کیا۔
اگرتلہ پہنچتے ہی ائیرپورٹ انتظامیہ نے مسافر کو پولیس کے حوالے کر دیا جہاں اسے گرفتار کر لیا گیا، ایئر ایکٹ کی دفعات کے تحت اس پر مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔
ملزم نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا ، ملزم کو عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
