چارسدہ (ڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ گورنر کے پی غلام علی کی حمایت میری بڑی غلطی تھی۔
مولانا فضل الرحمان کی صحافیوں سے گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے ایمل ولی نے کہا ہے کہ حکومتوں کے بھوکے اور بھکاری نہیں ہیں اور میں نے کسی بزرگ کی بڑی کرپشن کی بات نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے صرف گورنر کی بات کی جو مولانا اور ان کی پارٹی کے لیے شرم کا باعث بن چکے ہیں۔
ایمل ولی کا کہنا تھاکہ غلام علی کی حمایت میری عظیم غلطی ہے اور میں اپنی یہ غلطی تسلیم کرتا ہوں،۔
انھوں نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں تھا کہ وہ کیسا بندہ ہے؟، آپ کے گھر کا بندہ ہے، آپ انہیں خوب جانتے تھے۔
ان کا کہنا تھاکہ آپ کی حکومت ایم ایم اے کی صورت میں ہی ممکن ہے وگرنہ آپ نے پی ٹی آئی کو بخش ڈالا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایک بار پھر دہراتا ہوں گورنرپختونخوا جے یو آئی کیلیے شرمندگی کا باعث بن رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کا تعلق جمعیت علمائے اسلام سے ہے اور وہ مولانا فضل الرحمان کے قریبی عزیز ہیں۔
