You are currently viewing گوادر انتظامیہ اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مذاکرات کامیاب، دھرنے ختم کرنے کا اعلان

گوادر انتظامیہ اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مذاکرات کامیاب، دھرنے ختم کرنے کا اعلان

گوادر (نیوز ڈیسک) گوادر میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ضلعی انتظامیہ ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے، آج سے صوبہ بھرکی تمام قومی شاہراہیں کھول دی جائیں گی۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے گوادر سمیت بلوچستان بھر میں جاری تمام دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کی ڈاکٹر ماہ رنگ اور ڈپٹی کمشنر گوادر نے معاہدے پر دستخط کیے۔
صوبائی وزارت داخلہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق انتظامیہ اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد موبائل نیٹ ورک بحال کردیے گئے ہیں جبکہ تمام راستوں سے رکاوٹیں ہٹا کر راستے بھی کھول دیے جائیں گے۔
اعلامیہ کے مطابق بلوچ یکجہتی کمیٹی دھرناختم ہونے کے بعد گرفتار افراد کو رہا کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گوادر سمیت صوبہ بھر میں مختلف مقامات پر بلوچ یکجہتی کمیٹی کے دھرنوں کے باعث قومی شاہراہ سمیت مختلف سڑکیں بند تھیں جس سے کراچی، خضدار، حب، قلات، سوراب، تربت، پنجگور اور گوادر جانے والی ٹریفک متاثر تھی۔
گوادر میں مکران کوسٹل ہائی وے ایم 8سمیت تمام راستے بند تھے، تربت، گوادر سمیت مکران کی رابطہ سڑکیں بند ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا اور مختلف مقامات پر مال بردار اور مسافر گاڑیاں بھی پھنسی ہوئی تھیں۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی نے اپنے مطالبات میں کہا تھا کہ لاپتا افراد کو بازیاب کرایا جائے، وسائل پر قبضے کا خاتمہ کیا جائے جبکہ بلوچستان کے تمام وسائل مقامی لوگوں کی خوشحالی پر خرچ کیے جائیں۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.