استور (ڈیسک)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام پیسے وزیروں سے لے کر ووٹ تیرکو دیں۔
استورمیں انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران جمہوریت ہماری سیاست ہے اور ہماری طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، ہمیں گلگت بلتستان کو تبدیلی کے نام پرتباہی سے بچانا ہے، جو پاکستان میں ہورہا ہے وہ آپ کے سامنے ہے، یہ اقتدارمیں ضرور ہیں لیکن عوام ان کے ساتھ نہیں۔ حکومت کے خلاف ہرطبقہ سراپا احتجاج ہے، مزدوروں سے لے کر تاجرتک سب احتجاج کررہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان بہت دیر سے گلگت بلتستان کو الگ صوبہ بنانے کی بات پر لے کر آئے ہیں، سلیکٹڈ وزیراعظم کہتے ہیں کہ الیکشن ہو رہے ہیں اس لیے پیکیج کا اعلان نہیں کررہے، الیکشن سے پہلے کس نے وزیراعظم کو گلگت کو پیکیج دینے سے روکا تھا۔ آپ نے تو میانوالی کو بھی پیکیج نہیں دیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی وزیر آپ کے ووٹ خریدنے کی کوشش کریں گے، گلگت اور استور کے عوام بکنے والے نہیں ہیں، آپ ان سے پیسے ضرورلیں لیکن ووٹ تیر کو دیں، ہم نے سندھ میں مفت علاج کےاسپتالوں کا جال بچھا دیا ہے، ہم گلگت بلتستان میں بھی مفت علاج کے مرکزبنائیں گے، ہم چاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنی زمین کے مالک بنیں بلکہ پہاڑوں میں معدنیات کےمالک بھی خود بنیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم جمہوری طریقے سے الیکشن مہم چلارہے ہیں، گلگت بلتستان کے چیف الیکشن کمشنر اسلام آباد میں وزیروں سے ملاقات کیوں کررہے ہیں ؟، وہ اپنی ملاقاتوں کی تفصیلات سامنے لے آئیں، میرے ساتھ گلگت بلتستان کے جوان، بزرگ اورخاتون ہیں، آپ کو جو کرنا ہے کرلیں۔