You are currently viewing گرمی بڑھتے ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ، مظاہرین کا احتجاج، گزری روڈ ٹریفک کیلئے بند

گرمی بڑھتے ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ، مظاہرین کا احتجاج، گزری روڈ ٹریفک کیلئے بند

کراچی (ڈیسک) گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑھنے سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوکر رہ گئی۔
بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ کے باعث گرمی کے ستائے شہریوں کی جانب سے مختلف مقامات پر احتجاج رپورٹ ہورہے ہیں۔
جمعہ کے روز کئی گھنٹوں سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث گزری ، ڈیفنس کے مکین بھی سڑکوں پر نکل آئے۔
گزری فلائی اوور کے نیچے سڑک پر جا بجا ٹائر نذرآتش کیے گئے، اس موقع پر مظاہرین نے کے الیکٹرک انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
گھنٹوں احتجاج کے باوجود بھی بجلی کی عدم بحالی پر علاقہ مکینوں نے خواتین کے ہمراہ گزری فلائی اوور اور خیابان حافظ پر دھرنا دے کر سڑک بند کردی ۔
اہم شاہراہ کی بندش کے باعث اطراف کی گلیوں اور سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھ گیا جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔
اس موقع پر اہم عمارتوں پر تعینات پولیس اہلکار مظاہرین کی منت سماجت کرتے رہے تاہم مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ وہ بجلی کی فوری بحالی کی یقین دہانی پر ہی احتجاج ختم کرکے سڑک کھولیں گے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ شدید گرمی میں بجلی کی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کے باعث گھروں میں پانی کی قلت بھی پیدا ہوچکی ہے۔
مظاہرین نے کہا کہ بھاری بھرکم بل بھیجنے کے باوجود کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ عوام کی جان لینے کے مترادف ہے، انھوں نے حکام سے فوری نوٹس لینے اور بجلی بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔