لاہور (ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ان کے نزدیک گرفتاری کی کوئی اہمیت نہیں، حکومت چاہے تو گرفتار کر لے، گرفتاری سے نہیں ڈرتا۔
میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میر ی نیوٹرلز سے کوئی لڑائی نہیں ہے، نیوٹرلز سے کیوں لڑوں گا۔ میں نے کون سی ریڈ لائن عبور کی ہے۔ شفاف الیکشن کے بغیر ملک معاشی بحران سے نہیں نکل سکے گا۔ عوام کی نمائندگی کرنے والے مضبوط حکومت ہی ملک کی معیشت کو چلا سکتی ہے، سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان حکمرانوں سے تو کوئی بات کرنے کو بھی تیار نہیں۔ اگر ضمنی انتخاب میں دھاندلی کی تو یہ ملک کا اور نقصان کریں گے۔ مجھے کیا ہے میں تو اور انتظار کر لوں گا، نقصان ملک کا ہوگا۔ ان چوروں سے کبھی اتحاد نہیں کروں گا، چاہے اپوزیشن میں بیٹھنا پڑے ۔ زمان پارک لاہور میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے مزید کہا کہ جو بات کرنا چاہتا ہے دروازے کھلے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ بیٹھنے سے ہزار درجے بہتر ہے میں اپوزیشن میں بیٹھ جاؤں۔ کسی بیرونی اور اندرونی طاقت کے ذریعے کوئی بیک ڈور رابطہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت تباہ کرنے والوں نے 1100 ارب روپے کا این آر او لیا۔ نیوٹرلز سے بات ہوئی تو ایک ہی مؤقف ہے کہ فری اینڈ فیئر الیکشن ہو۔ چوروں سے کبھی اتحاد نہیں کروں گا۔