حیدر آباد (ڈیسک) کراچی یونین آف جرنلسٹس کے وفد نے صدر اعجاز احمد کی قیادت میں حیدرآباد پہنچ کر حیدرآباد پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں کو کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔
وفد میں کے یوجے اور پی ایف یو جے کے رہنما حسن عباس، سعید جان بلوچ، ناصر شریف اور شاہد غزالی شامل تھے۔ رہنماؤں نے حیدر آباد پریس کلب کے رہنماؤں صدر لالہ رحمان اور سیکریٹری حمید الرحمان اور انکی کابینہ کو مبارک دیتے ہوئے مٹھائی کھلائی اور پھول واجرک پیش کیں۔ اس موقع پر سینئر رہنما حسن عباس نے کہاکہ کلب میں اپنے دوستوں کی کامیابی پر خوشی ہوئی۔ انھوں نے صحافیوں میں تقسیم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تقسیم سے ہمیں ہی نقصان ہورہا ہے حکومت اور ہمارے اداروں کے مالکان اس کا بھرپور فائدہ اٹھا کر صحافیوں کے خلاف کارروائياں کررہے ہیں ہم پہلے روز سے اتحاد کی مخلصانہ کوشش کررہے ہیں جو ساتھی یونین چھوڑ کر گئے ہیں ہم ان کی واپسی کا خیر مقدم کریں گے۔ کے یوجے کے صدر اعجاز احمد اور پی ایف یو جے سندھ چیپٹر کے صدر سعید جان نے کہا کہ پریس کلب اور یونین کی مضبوطی کے لیے صحافیوں کو مخلصانہ کوششیں کرنا ہوں گی ہم سندھ میں اپنے یونٹس کو مضبوط کررہے ہیں۔ حیدرآباد پریس کلب کے صدر لالہ رحمان نے کے یوجے کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سینئرز نے یونین کو متحد کرنے میں اپنی کوششیں کیں اب ہمارا کام ہے کہ ہم صحافیوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کریں۔ انھوں نے کہا کہ ہماری تقسیم کو اب ختم ہوجانا چاہیے اور سب کو اس کے لیے متحد ہو کر کوششیں کرنی ہیں۔ کلب کے سیکریٹری حمید الرحمان نے خوشیوں اور کامیابیوں میں شریک ہونے پر کے یو جے کے رہنماؤں سے اظہار تشکر کیا۔
