کراچی(ڈیسک)کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کہاکہ شہر کراچی میں کھیلوں کے میدانوں پر قبضہ اور غیر قانونی تعمیرات برداشت نہیں کروں گا.
شہر میں نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے حصول کے لئے سہولتیں اور کھیل اور کھلاڑیوں کی سرپرستی جاری رکھوں گا،صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے کھیلوں کی سرگرمیاں انتہائی ضروری ہیں،شہر میں کھیلوں کے فروغ کے لئے بحیثیت کمشنر کراچی میں اپنا فرض اور عبادت سمجھ کر ادا کررہا ہوں اور ہمیشہ کرتا رہوں گا،کھیلوں کے فروغ کے لئے ہمیں کھلاڑیوں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رکھنا ہے جب ہی ہم اپنے ہونہار ٹیلنٹ کو دنیا میں متعارف کراسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فردوس اتحاد سوشل اینڈ اسپورٹس ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام سالانہ اسپورٹس ایوارڈ کے حوالے سے پاکستان امریکن کلچرل سینٹر کراچی میں منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں کھیلوں کی ممتاز شخصیات،جرنلسٹ،سابق کھلاڑی سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔