ممبئی (ڈیسک) بالی ووڈ کے سپراسٹار ایکٹر عامر خان نے کہا ہے کہ وہ کچھ وقت اپنے گھر والوں کے ساتھ گزارنا چاہتے ہیں۔
ایک انٹرویو میں بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ میں نے فلم انڈسٹری میں جتنا بھی کام کیا ہے، وہ ایسے کیا ہے کہ اس دوران میرے سامنے صرف کام ہوتا ہے اور بس۔ فلم میرا جنون ہے، میں اس پر پورا فوکس کرتا ہوں، کسی اور طرف دھیان کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
لیکن زندگی کی اس نہج پر آ کر میں سوچ رہا ہوں کہ کچھ وقت اپنی بیوی، بچوں، ماں کے ساتھ گزاروں۔ زندگی کو کچھ الگ طریقے سے انجوائے کروں۔ سال یا ڈیڑھ سال میں بطور فلم اداکار کام نہیں کروں گا، البتہ بطور فلم پروڈیوسر کام کیا جا سکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ میں نے فلم انڈسٹری کو اپنی زندگی کے 35 سال دیے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ میں اپنے ساتھ رہنے والے لوگوں کے ساتھ انصاف نہیں کر پا رہا۔ اس لیے اب ان کو وقت دینا چاہتا ہوں۔