ریاض(ڈیسک)برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے انکشاف کے باعث سعودی عرب نے رواں ہفتے کے آغاز میں سخت اقدامات کا نفاذ کیا ہےاور اپنی تمام سرحدیں بند کر دی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سرحدوں کی بندش پر سعودی عرب میں موجود کئی ممالک کے سفارتکاروں نے سعودی عرب میں ہی کرسمس تہوار کی خوشیاں منائیں اس موقع پر فرانسیسی سفیر لڈووک پاولز نے کہا ہے کہ ہمیں ان لوگوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئے جو کورونا وائرس کی وجہ سے اپنے اہل خانہ سے دور رہیں گے۔ فرانسیسی سفیرنے اس سال ریاض میں ہی کرسمس منائی۔سفیر نے کہا کہ اس وقت سب سے اہم بات یہ ہے کہ ہم یہ تہوار مناتے وقت تمام احتیاطی اقدامات کی پابندی کریں اور اپنی صحت برقرار رکھنے پر دھیان دیں۔جولوگ کرسمس مناتے ہیں ان کے لئے سال کا یہ وقت اہل خانہ اور احباب کے یکجا ہونے کا خوشگوار موقع ہے۔ریاض میں رائل ڈینش ایمبیسی کے مائیکل جینسن نے کہا ہے کہ ہماری روایات میں سے ایک روایت جو ہم ڈنمارک میں مناتے ہیں، وہ کرسمس ٹری ہے۔ دریں اثنا یونان کے سفیر اسٹیوروس ایوگوسٹائیڈز نے سب کو کرسمس اور نئے سال کی مبارکباد دی ۔