You are currently viewing کورونا وائرس: ملک میں 2800 سے زائد نئے کیسز رپورٹ،89 افراد جاں بحق

کورونا وائرس: ملک میں 2800 سے زائد نئے کیسز رپورٹ،89 افراد جاں بحق

اسلام آباد(ڈیسک) مہلک مرض کورونا سے ملک میں  ایک دن میں ریکارڈ 89 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 2 ہزار 8سو سے زائد کیسز رپورٹ ہوئی ہے ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 33 ہزار 610 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 58 لاکھ 27 ہزار 852 ہوگئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 2 ہزار 885 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 23 ہزار 179 ہوگئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں ایک لاکھ 86 ہزار 212، پنجاب میں ایک لاکھ 24 ہزار 191، خیبر پختونخوا میں 50 ہزار 078، اسلام آباد میں 33 ہزار 061، بلوچستان میں 17 ہزار 501، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 390 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 746 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 44 ہزار 218 ہوگئی ہے، جن میں سے 2 ہزار 486 کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 89 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہزار 487 ہوگئی ہے۔ گزشتہ ماہ 9 نومبر کو کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 7000 تھی جب کہ 8 دسمبر 2020 کو یہ تعداد بڑھ کر 8 ہزار 487 ہوگئی۔ اس طرح ایک ماہ کے دوران اوسطاً یومیہ 49 افراد کورونا سے جاں بحق ہوئے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 ہزار 932 افراد نے کورونا کو شکست دے دی ہے جس کے بعد اس وبا کے خلاف جاری جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 70 ہزار 474 ہوگئی ہے۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.