اسلام آباد (ڈیسک) پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 405 ہو گئی جبکہ اس مہلک مرض سے جاں بحق افراد کی تعداد 2551 ہو گئی ۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں سب سے زیادہ 29 ہزار 8 سو 50 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، اس طرح ملک بھر میں اب تک آٹھ لاکھ 39 ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 6472 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 798 ہوگئی۔
پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور مصدقہ مریضوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، ملک کے سب سے بڑے صوبے میں کوویڈ 19 کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 50 ہزار 87 ہوگئی ہے۔ سندھ میں 49 ہزار 256، خیبرپختونخوا میں 16 ہزار 415، بلوچستان میں 7 ہزار 866، اسلام آباد میں 7 ہزار 163، آزادکشمیر میں 574 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 44 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق 24 گھنٹوں میں کورونا مزید 88 زندگیاں نگل گیا ہے، اس طرح ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار551 ہوگئی ہے، پنجاب میں کورونا سے اموات کی تعداد 938 ہوگئی، اس کے علاوہ سندھ میں 793، خیبر پختونخوا میں 642، بلوچستان میں 80 ، اسلام آباد میں 71، آزاد کشمیر میں 11 اور گلگت بلتستان میں 16 مصدقہ مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔