اسلام آباد(ڈیسک)وفاقی وزیر اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے کورونا وائرس کی وبا کی چوتھی لہر شروع ہونے سے متعلق خبردار کرتے ہوئے ایس او پیز پر عمل نہ ہونے کی صورت میں شادی ہالز اور ریستوران بند کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ کوروناایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو شادی ہالز اور ہوٹل بند کرنا ہوں گے۔ پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہونے لگا ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ 2 ہفتے پہلے بتایا تھا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کورونا وائرس کی وبا کی چوتھی لہر کے امکانات ظاہر کررہی ہے، چوتھی لہر سے متعلق 2 ہفتے پہلے ہی خبردار کردیا تھا، اب کورونا وائرس کی وبا کی چوتھی لہر شروع ہونے کی علامات ظاہر ہونا شروع ہوگئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شادی ہالز اور ریسٹورینٹس میں ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ سے متعلق ایس اوپی پر عمل نہیں ہورہا، ایس اوپیز پرعمل نہ ہوا تو شادی ہالز اور انڈور ڈائننگ بند کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہوٹل اور جم مالکان نے ذمہ داری نہ دکھائی تویہ سہولت بند کرنے کے سوا کوئی راستہ نا ہوگا۔