کراچی (ڈیسک) کراچی پولیس اور رینجرز نے کراچی کے ضلع کورنگی میں کامبنگ آپریشن کرتے ہوئے دو سو سے زائد ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی کے دوران کورنگی سے دو سو سے زائد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گزشتہ رات کورنگی میں تھانہ زمان ٹاون پولیس اور سندھ رینجرز کا جرائم پیشہ عناصر کیخلاف چکرا گوٹھ کے علاقے میں سرچ کامبنگ آپریشن جاری رہا، پولیس نے خفیہ ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کی بنیاد پر جرائم پیشہ عناصر کی موجودگی کیخلاف چکرا گوٹھ کے علاقے میں سرچ کامبنگ آپریشن کیا، لیڈی سرچرز رینجرز اور پولیس نفری کے ہمراہ گھروں کی تلاشی لی گئی۔ کامبنگ آپریشن کو کامیاب بنانے کیلئے آئی ٹی ٹیم کی مدد سے ٹیکنکل بنیاد پر فنگر پرنٹ کے ذریعے ملزمان کا کرمنل ڈیٹا ریکارڈ بھی چیک کیا گیا۔ مشکوک اور کرمنل ریکارڈ رکھنے والے ملزمان کو پولیس نے حراست میں لیا جن میں منشیات فروش اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ملزمان شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان میں جرائم پیشہ کے ساتھ ساتھ موٹرسائیکل لفٹر اور چور بھی شامل ہیں۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کاروائی کر کے ملزمان کو تفتیشی حکام کے سپرد کر دیا۔