You are currently viewing کل جماعتی حریت کانفرنس کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے عمران خان کے خطاب کا خیر مقدم

کل جماعتی حریت کانفرنس کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے عمران خان کے خطاب کا خیر مقدم

سرینگر(ڈیسک)بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیر کی کل جماعتی حریت کانفرنس نے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کو امن کا سفیر قرار دیتے ہوئے تمام اقوام کے لیے ان کے واضح اور غیر مبہم پیغام کا خیرمقدم کیا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں سربراہی اجلاس میں ورچوئل تقریر منطق ، مستند دستاویزات اور تاریخی حقائق پر مبنی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی بدترین نسل کشی ، ظلم و ستم اور بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے کی گئی تقریر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سنگین بھارتی خلاف ورزیوں اور مقبوضہ علاقے میں حالات معمول کے مطابق ہونے کے اسکے بے بنیاد دعوں کو بے نقاب کیا ہے۔ غلام احمد گلزار نے حکومت پاکستان کی مکمل حمایت اور کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس حکمت عملی کے بین الاقوامی سطح پر تنازعہ کشمیر کے حوالے سے حوصلے افزا نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ غلام احمد گلزار نے کہا کہ حق خود ارادیت کے جائز مطالبے کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت پر کشمیری اسلامی تعاون تنظیم کے بھی شکر گزار ہیں۔دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد عرفانی نے بھی سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ وزیراعظم پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران کشمیریوں کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی ، کشمیر کا مسئلہ بھرپور انداز میں اٹھایا، عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کی تاریخ سے آگاہ کیااور کشمیریوں کا بہی خواہ اور محسن ہونےکا حق ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ بین الاقوامی فورموں پر اٹھایا ہے اور اس دیرینہ مسئلے کو بامعنی مذاکراتی عمل اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے ہمیشہ زور دیا ہے جبکہ بھارت جموں وکشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو طول دینے کے لئے ظلم وتشددکے تمام ہتھکنڈوں کا استعمال کر رہا ہے ۔ مولوی بشیر احمد نے کہا کہ یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے کردار ادا کرے۔