You are currently viewing کرپشن کیس ؛ڈاکٹرعاصم کو علاج کے لئے دبئی جانے کی اجازت مل گئی

کرپشن کیس ؛ڈاکٹرعاصم کو علاج کے لئے دبئی جانے کی اجازت مل گئی

کراچی (ڈیسک) احتساب عدالت نے 462 ارب روپے کی کرپشن میں نامزد ملزم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ڈاکٹر عاصم کوعلاج کے لئے دبئی جانے کی اجازت دےدی ہے

کراچی احتساب عدالت میں سابق مشیرِ پیٹرولیم اور پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم اور دیگر کے خلاف 462 ارب روپے کی کرپشن سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ ڈاکٹر عاصم اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ سابق مشیرِ پیٹرولیم نے عدالت سے علاج کی غرض سے دبئی جانے کی اجازت کی درخواست کی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ڈاکٹرعاصم خود ایک اسپتال کے مالک ہیں اور یہاں بھی فزیوتھراپی کی سہولت موجود ہے

عدالت نے جناح اسپتال سے ڈاکٹرعاصم کے مرض سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزم کو 3 سے 9 مارچ تک دبئی جانے کی اجازت دے دی۔ تاہم عدالت کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرعاصم کو اس مرتبہ بیرون ملک علاج کے لئے جانے کی اجازت دی گئی ہے لیکن آئندہ اجازت رپورٹس سے مشروط ہوگی۔ عدالت نے کیس کی سماعت 12 مارچ تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کی احتساب عدالت میں گیس کے ٹھیکوں میں 17 ارب روپے کرپشن کیس میں ڈاکٹر عاصم حسین، بشارت مرزا، جمیل انصاری، ایس ایس جی سی ایم ڈی زوہیرصدیقی، ملک عثمان، خالد رحمان اور شعیب وارثی سمیت 11 ملزمان پر فردِ جرم عائد کی گئی تھی

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.