You are currently viewing کراچی : نیو چالی کی جنریٹر مارکیٹ میں آتش زدگی، 1شخص جاں بحق

کراچی : نیو چالی کی جنریٹر مارکیٹ میں آتش زدگی، 1شخص جاں بحق

کراچی (ڈیسک) اولڈ کراچی کے کاروباری علاقے نیو چالی کی کثیر المنزلہ عمارت جنریٹر مارکیٹ میں آگ لگ گئی، آگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ 43افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
بروقت ریسکیو کارروائی کے باعث کئی جانیں بچا لی گئیں، اطلاعات کے مطابق آگ بجھانے کے لیے فائر ٹینڈرز اور اسنارکل موقع پر پہنچ گئی، دھویں سے بے ہوش ہو جانے والے افراد جن میں خواتین بھی شامل تھیں، انھیں بحفاظت نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا، شدید دھویں سے تین افراد بے ہوش ہو گئے ۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے کارروائی کرتے ہوئے اطراف کی عمارتوں کو لوگوں سے خالی کروا لیا اور کولنگ کا عمل شروع کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔
آتش زدگی کے وقت عمارت میں کافی افراد موجود تھے، البتہ ہفتے کا دن ہونے کی وجہ سے لوگوں کی تعداد معمول سے کم تھی، عمارت میں کئی دفاتر بھی ہیں جن میں رکھا سامان آگ میں جل گیا۔
واقعے میں ایک شخص بری طرح جھلس کر جاں بحق ہو گیا، مقامی افراد نے بتایا کہ مرنے والا شخص عمارت میں کام کرتا تھا، جس کا نام اصغر ولد برہان الدین ہے۔