You are currently viewing کراچی میں گرانفروش بے لگام، عید سے قبل سبزیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ

کراچی میں گرانفروش بے لگام، عید سے قبل سبزیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ

کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی میں گرانفروشوں نے عیدالاضحیٰ سے قبل سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔
کراچی میں ٹماٹر 240 روپے اور پیاز 150 روپے کلو فروخت کی جارہی ہے۔
گوشت گلانے کے لیے سب سے زیادہ استعمال ہونے والا کچا پپیتا بھی مہنگا ہوگیا جس کی قیمت 150 روپے کلو وصول کی جارہی ہے۔
پکوانوں میں عام استعمال ہونے والا لہسن اور ادرک 150 روپے پاؤ فروخت کیا جارہا ہے۔
مہنگائی کے ستائے شہریوں کا کہنا ہے کہ بجٹ کے فوری بعد سے ہی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
شہریوں کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود ڈیری مالکان اور گرانفروش دودھ سمیت دیگر اشیاء مہنگی کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں جبکہ انتظامیہ نے بھی معنی خیز خاموشی اختیار کررکھی ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز وفاقی حکومت پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 20 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 2روپے 33 پیسے فی لیٹر کمی کرچکی ہے۔
وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 258 روپے 16 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 267 روپے 89 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یکم جون کو بھی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 86 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی۔
شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ صرف نرخنامے کے اجراء پر اکتفا کرنے کے بجائے گرانفروشوں کو لگام ڈالتے ہوئے اپنی موجودگی کا احساس دلایا جائے۔