کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے کراچی میں ہونے والے میچز کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا۔
کراچی میں پی ایس ایل میچز کا دور 28 فروری سے 18 مارچ تک جاری رہے گا جس میں ایس ایس یو کے ایک ہزار کمانڈوز سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔
سکیورٹی حکام کے مطابق میچز کے دوران ٹریفک پولیس، ڈسٹرکٹ پولیس اور رینجرز بھی فرائض انجام دیں گے۔
پولیس کمانڈوز اسٹیڈیم، پریکٹس گراؤنڈ، ائیرپورٹ، روٹس سمیت دیگر مقامات پر تعینات ہوں گے۔
حکام کے مطابق شائقین کے لیے چائنا گراؤنڈ پارکنگ کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
میچ سے تین گھنٹے قبل اسٹیڈیم کے دروازے کھولے جائیں گے۔
اسٹیڈیم آنے والوں کے لیے اصل شناختی کارڈ ساتھ رکھنا لازم قرار دیا گیا ہے۔