کراچی (ڈیسک) کراچی میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ایک بار پھر کھٹائی میں پڑتا دکھائی دے رہا ہے، حکومت سندھ نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے جس میں ایم کیو ایم کی جانب سے بلدیاتی حلقہ بندیوں میں تبدیلی اور درستی کا ذکر کیا گیا ہے۔
خط میں بلدیاتی حلقہ بندیوں میں تبدیلی و درستی کے لیے سپریم کورٹ میں دائر پٹیشن کا بھی حوالہ دیا گیا ہے، حلقہ بندیوں کے تناظر میں ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی قانونی رائے کو بھی خط میں شامل کیا گیا ہے۔
صوبائی الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط پر عمل درآمد کی صورت میں کراچی میں حلقہ بندیوں میں تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں جس کے باعث الیکشن کے انعقاد میں تاخیراور التوا کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ کراچی ڈویژن میں اس سے قبل چھ بار بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جا چکے ہیں، جب کہ آخری بار 15جنوری کو بلدیاتی الیکشن منعقد کروانا طے پایا تھا۔
سندھ حکومت کے خط پر صوبائی الیکشن کمیشن کو فیصلہ کرنا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلوں کی روشنی اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ کی مشاورت سے بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کا فیصلہ کیا جائے گا۔
