کراچی (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سائٹ کراچی اور نوری آباد انڈسٹریل اسٹیٹ کے تیسرے فیز کے قیام کا اعلان کردیا۔
کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سالانہ عشائیہ میں شرکت کے موقع پروزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت نے صنعتی زونز کے قیام کے لیے سائٹ کراچی فیز 3 اور نوری آباد انڈسٹریل اسٹیٹ فیز 3 کے لیے زمین مختص کردی ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اس وقت انفرااسٹرکچر کی منصوبہ بندی اور ترقی کا عمل جاری ہے،سندھ حکومت صوبے میں صنعت کاری اور معاشی و تجارتی ترقی کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مالی مشکلات کے باوجود سندھ حکومت نے کورنگی انڈسٹریل زون کو سہولیات دی ہیں، سڑکوں اور نکاسی آب کے سسٹم کو اپ گریڈ کرنے پر بھی کام کر رہے ہیں، صوبے میں صنعت کاروں اور تاجر برادری کے لیے سازگار ماحول فراہم کررہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 2016-17 کے دوران سندھ حکومت نے کاٹی سمیت صنعتی زونز کی ترقی کے لیے خاطر خواہ فنڈز فراہم کیے، 4 صنعتی زونز کو 1759 ملین روپے جاری کیے گئے۔ انفرااسٹرکچر کی ترقی کے لیے کاٹی کو 380 ملین براہ راست فراہم کیے گئے۔
عشائیہ میں صدر کاٹی جوہر قندھاری اور وزیر صنعت جام اکرام دھاریجو سمیت دیگر صنعت کاروں نے شرکت کی۔