کراچی (ڈیسک) سندھ حکومت نے کراچی اور حیدر آباد کی میونسپل کارپوریشنز میں تعینات ایڈمنسٹریٹرز کو ہٹانے کا فیصلہ کر لیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے کراچی اور حیدر آباد کی میونسپل کارپوریشنز میں تعینات ایڈمنسٹریٹرز کو خلاف ضابطہ قرار دیے جانے کے بعد سندھ حکومت نے انھیں ہٹانے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی، کورنگی اور حیدر آباد میونسپل کارپوریشنز کے ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی معطل کی جائے گی۔
کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف سیاسی بنیادوں پر کی گئی ایڈمنسٹریٹرز کی تقرریوں کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر چکی ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ کراچی کے اضلاع میں نو تعینات ایڈمنسٹریٹرز ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے ممبر ہیں، یہ تعیناتی خلاف قانون ہوئی ہیں، اس لیے ان کی تعیناتی معطل کی جائے۔
اب سندھ حکومت نے مذکورہ ایڈمنسٹریٹرز کو ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔