You are currently viewing کراچی، کار پر فائرنگ، ماہر امراض چشم ڈاکٹر بیربل قتل، خاتون اسسٹنٹ زخمی

کراچی، کار پر فائرنگ، ماہر امراض چشم ڈاکٹر بیربل قتل، خاتون اسسٹنٹ زخمی

کراچی (ڈیسک) ٹارگٹ کلرز نے لیاری ایکسپریس وے گارڈن انٹر چینج کے قریب کار پر فائرنگ کرکے ماہر امراض چشم ڈاکٹر بیربل کو قتل کردیا، حملے میں خاتون اسسٹنٹ بھی زخمی ہوگئی۔
ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ کے بعد گارڈن اور سولجربازار پولیس کے درمیان حدود کا تنازع کھڑا ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ٹارگٹ کلرز نے کار سوار ڈاکٹر بیربل گینانی کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ رامسوامی سے اپنی اسسٹنٹ ڈاکٹر قراۃ العین کے ہمراہ گلشن اقبال جانے کے لئے گارڈن کے علاقے میں واقع گڈ لگ میرج ہال کے قریب لیاری ایکسپریس وے کی جانب مڑے تھے ۔حملے کے بعد کار بے قابو ہوکر دیور سے ٹکرا گئی۔
ماہر امراض چشم ڈاکٹر بیربل گینانی سابق سینئر ڈائریکٹر ہیلتھ کے ایم سی اینڈ پبلک ہیلتھ اور اسپنسر آئی اسپتال لیاری کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ بھی رہ چکے تھے، وہ ڈیڑھ برس قبل پبلک ہیلتھ سٹی گورنمنٹ کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے تھے۔
مقتول ڈاکٹر بیربل نے حال ہی میں اپنی بیٹی کے ساتھ ماسٹرز ان پبلک ہیلتھ کی ڈگری بھی حاصل کی تھی۔