You are currently viewing کراچی، قتل کے بعد بیرون ملک فرار ملزم کا برادر نسبتی اور ملازم گرفتار

کراچی، قتل کے بعد بیرون ملک فرار ملزم کا برادر نسبتی اور ملازم گرفتار

کراچی (ڈیسک) ڈیفنس میں پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث ملزم کے بیرون ملک فرار کے بعد پولیس نے ملزم کے برادر نسبتی اور ملازم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں خرم نثار کا برادر نسبتی عامر اور ملازم اورنگزیب شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق فرار ملزم خرم نثار کا رشتہ دار عامر کلفٹن میں ریسٹورنٹ چلاتا ہے اور خرم نثار قتل کی واردات کے بعد گھر جانے کے بعد اسی کے پاس ریسٹورنٹ گیا تھا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ عامر نے ابتدائی طورپر ملزم کے بیرون ملک فرار میں کسی بھی قسم کی مدد فراہم کرنے سے انکار کیا ہے تاہم ملزم خرم نثار کے ہمراہ اس کی ایئرپورٹ پر بھی ملاقات ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عامر بھی سوئیڈن کا شہری ہے اور اس کے ملزم خرم نثار کے ساتھ رابطوں کا ریکارڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم عامر کا کہنا ہے کہ وہ اپنی فیملی کو ایئرپورٹ چھوڑنے گیا تھا جہاں اس کی خرم سے ملاقات ہوئی تھی اور اس نے خرم کو ٹکٹ دلانے میں کوئی کردار ادا نہیں کیا۔ اورنگزیب کی گرفتاری سے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ چونکہ اس نے ملزم کے گھر پہنچتے ہی گاڑی سے نمبرپلیٹ اتاری اور گاڑی کو کپڑے سے ڈھانپ کر چابی بھی چھپائی جبکہ ملزم جب تک پاکستان میں موجود رہا اس سے رابطے میں رہا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم خرم نثار کے والدین بھی اپنے گھر میں موجود نہیں ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس ملزم کے رشتہ دار کے بیان کی تصدیق کررہی ہے۔