You are currently viewing کراچی، سہراب گوٹھ پر کوریج کے دوران صحافی لٹ گیا، سی آر اے کا شدید ردعمل

کراچی، سہراب گوٹھ پر کوریج کے دوران صحافی لٹ گیا، سی آر اے کا شدید ردعمل

کراچی (ڈیسک) سہراب گوٹھ کے قریب کوریج کرنے والے مقامی صحافیوں سے موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے لاکھوں روپے مالیت کے کیمرے، موبائل فون لوٹ لیے.

انچولی میں بینک کے باہر پیٹرول پمپ منیجر سے ڈاکو 30 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے. کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن نے بدترین ڈاکو راج پر تشویش کا اظہار کیا ہے. واقعات کے مطابق مقامی صحافی تنویر بہلیم اپنے ساتھی ذیشان کے ہمراہ یوسف پلازہ تھانے کی حدود میں کوریج کررہے تھے کہ دو موٹرسائیکلوں پر سوار 4 ڈاکوؤں نے ان سے لاکھوں روپے مالیت کے دو کیمرے، مائیک، موبائل فون، نقدی لوٹ لی اور فرار ہوگئے، صحافی تنویر نے بتایا کہ اس دوران جائے وقوع کے قریب سے پولیس موبائل گزررہی تھی جسےآواز بھی دی گئی تاہم انھوں نے کوئی نوٹس نہیں لیا اور گزرتے بنے. قبل ازیں انچولی سوسائٹی میں یو بی ایل بینک کے باہر ڈکیت کی واردات میں ڈاکوؤں نے رقم جمع کرانے کے لیے آنے والے پیٹرول پمپ کے منیجر سے 30 لاکھ روپے لوٹ لیے، بتایا جاتا ہے کہ منیجر 70لاکھ روپے جمع کرانے آیا تھا، خوش قسمتی سے ڈاکو 40 لاکھ روپے لوٹنے میں ناکام رہے. دریں اثناء کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں نے شہر میں ڈاکو راج پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر کو ڈاکوؤں کے حوالے کر دیا گیا ہے ، ایسا لگتا ہے کہ اسٹریٹ کرمنلز اور پولیس اہلکاروں نے صحافیوں کو نشانے پر رکھ لیا ہے۔سی آر اے کے صدر اور سیکریٹری نے صحافیوں کو لوٹنے والے ملزمان کی فوری گرفتاری اور مسروقہ سامان برآمد کرکے واپس کرنے کا مطالبہ کیا ہے.