کراچی (نیوز ڈیسک) کراچی کے علاقے سائٹ سپرہائی وے پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید دوسرا زخمی ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے تھانے کی حدود میں محمدی گوٹھ ندی کنارے مسلح ڈکیت واردات کر رہے تھے کہ اس دورا ن گشت پر مامور پولیس اہلکار پہنچ گئے۔
ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چمن عباس اور عادل پتافی نامی اہلکار زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ چمن عباس راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگیا۔
واقعہ کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں ڈاکوؤں کو بائیک چھوڑ کر بھاگتے اور پولیس اہلکاروں کو ان کا پیچھا کرتے دیکھا گیا ہے۔