کراچی (ڈیسک) صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی اور حیدر آباد ڈویژن میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ہو رہا ہے، مجموعی طور پر 16اضلاع میں انتخاب کا عمل جاری ہے۔
چند روز پہلے تک گومگوں کی کیفیت کا شکار ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کے حکم پر سندھ میں آج بلدیاتی انتخابات شیڈول کے مطابق ہو رہے ہیں۔ پولنگ کا آغاز صبح 8بجے ہو گیا جو شام 5بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔ گزشتہ شب سرما کی سرد ترین رات ہونے کے باعث کراچی اور سندھ میں سردی عروج پر پہنچ گئی ، سردی میں شدت کی وجہ سے صبح کے وقت شہریوں کو گھروں سے نکلنے میں مشکلات کا سامنا رہا، کچھ پولنگ اسٹیشنوں پر رائے دہندگان کی تعداد کافی کم نظر آ ئی، البتہ سورج نکلنے اور سردی کی شدت میں کمی کے بعد لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشنوں کی جانب گامزن نظر آئے۔
کراچی کے 7اضلاع میں 1200نشستوں پر پولنگ کا انعقاد ہو رہا ہے، ان اضلاع میں 6امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں، جب کہ23امیدواروں کا انتقال ہو چکا ہے۔
حیدر آباد ڈویژن میں 1675اور ٹھٹھہ ڈویژن میں 709نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں، حیدر آباد کی 410نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں، اسی طرح ٹھٹھہ میں بھی 310نشستوں پر کوئی دوسرا امیدوار مقابلے کے لیے سامنے نہیں آیا۔ حیدر آباد ڈویژن میں 27امیدوار انتقال کر چکے ہیں۔
سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں مجموعی طور پر 17862امیدوار حصہ لے رہے ہیں، کراچی سے مقابلہ کرنے والے امیدواروں کی تعداد 9057، حیدر آباد سے 6228 جب کہ ٹھٹھہ ڈویژن سے 2577امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
کراچی کے 7اضلاع میں 4990پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں کل ووٹرز کی تعداد 845475ہے، کراچی کے اکثر پولنگ اسٹیشنوں کو حساس قرار دیا جا چکا ہے جب کہ 1500کے قریب پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس گنے جا چکے ہیں۔
حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے گئے ہیں جن کی مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے۔
