کراچی (ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے تحفظات پر سندھ حکومت نے کراچی، حیدر آباد اور دادو میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔
بلاول بھٹو کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ اور بعض دیگر وزرا کے مشاورتی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی کی حلقہ بندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔ شرجیل میمن نے بتایا کہ اجلاس میں اہم فیصلے ہوئے ہیں، سندھ میں امن و امان کی صورتحال اور بلدیاتی انتخابات سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کو ڈی لمیٹیشن پر تحفظات ہیں، چاہتے اتحادیوں کے مطالبات کو سنجیدہ لیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی، حیدرآباد اور دادو میں15 جنوری کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جارہے ہیں البتہ سندھ کے باقی تمام اضلاع میں الیکشن معمول کے مطابق ہوں گے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت سندھ دادو میں سیلابی پانی کے باعث الیکشن ملتوی کروانے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھ چکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کسی کے سڑک پر آنے سے بات نہیں مانی گئی، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ کوشش کی سب کو ساتھ لے کر چلے۔
