کراچی (ڈیسک) بلدیہ ٹاؤن میں پولیس نے مقابلے کے بعد کالعدم تنظیم کے تین کارکنوں کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔
ضلع کیماڑی پولیس کے مطابق اتحاد ٹاؤن میں پولیس تکنیکی معلومات کی بنیاد پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے پہنچی تاہم ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ پولیس کے مطابق جوابی فائرنگ کے بعد پولیس نے عدنان، شہزاد عرف بابل اور یاسر چندن کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے اسلحہ برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کا تعلق کالعدم بلوچ لبریشن فرنٹ سے ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 2 جنوری کو سعید آباد میں آر آر ایف ہیڈ کوارٹرز کے قریب موٹر سائیکل گشت پر مامور محمد حنیف نامی اہلکار کو فائرنگ کرکے زخمی کیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے گینگ کا سرغنہ بیرون ملک فرار ہے اور انہیں وہ بیرون ملک سے ہی ہدایات دیتا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
