کراچی (ڈیسک) کورنگی میں بدبخت بیٹے نے گھریلو جھگڑے میں اپنی ماں کو چھری کے پے درپے وار کرکے قتل کردیا۔
زمان ٹاؤ ن تھانے کی حدود کورنگی نمبر ڈیڑھ نورانی بستی سے 50 سالہ نسرین زوجہ لیاقت علی کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لائی گئی۔ پولیس کے مطابق نسرین کو گھریلو جھگڑے کے دوران اس کے بیٹے شاکر نے چھری کے وار کرکے قتل کیا ہے، مقتولہ کو پیٹ پر چھری کے کئی وار لگے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم شاکر کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نشے کا عادی اور نفسیاتی معلوم ہوتا ہے تاہم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
