لاہور (ڈیسک) پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو کبڈی ورلڈ کپ 2020 کے فائنل میں شکست دے کر عالمی چیمپئن بن گیا
کبڈی ورلڈ کپ کا فائنل لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، فائنل جیتنے کے لیے دونوں ممالک کے کھلاڑیوں نے خوب زور آزمائی کی تاہم پاکستانی پہلوانوں کا پلہ بھاری رہا اور انہوں نے بھارتی پہلوانوں کو چاروں شانے چت کردیا۔
کھیل ختم ہونے سے ایک منٹ قبل تک پاکستان نے مزید پوائنٹس حاصل کیے جس پر پاکستان کا اسکور 43 اور بھارت کا 39 ہوگیا۔ پاکستان کو پوائنٹس ملنے پر بھارتی پہلوان رونے لگے اور محض ایک منٹ رہ جانے پر بھارتی آفیشلز میدان میں آگئے اور اپنے کھلاڑیوں کو میدان چھوڑنے کا کہہ دیا۔
بھارتی ٹیم نے ایک پوائنٹ پر اعتراض کیا اور کھیل کو گندا کرنے کی روایت برقرار رکھتے ہوئے ورلڈ کپ 2014ء اور ایشیا کپ 2016ء کی تاریخ دہرادی تاہم بھارتی اعتراضات کام نہ آسکے۔ کھیل ختم ہونے تک پاکستان کا اسکور 43 اور بھارت کا اسکور 41 رہا۔
کبڈی کی اس عالمی جنگ کو دیکھنے کے لیے تماشائیوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے اسٹیڈیم کا رخ کیا جنہوں نے ہر پوائنٹ پر کھلاڑیوں کو دل کھول کرداد دی اور خوب لطف اندوز ہوئے۔