کراچی (ڈیسک) ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ نے کراچی میں ٹریفک پولیس کی جانب سے بے جا چالان کی شکایات پر آڈیو پیغام میں ٹریفک پولیس کو قبلہ درست کرنے کا پیغام دے دیا.
ڈی آئی جی ٹریفک نے ایس پیز کو احکامات دیئے کہ وہ عملے کو سپروائز کریں اور جبکہ ڈی ایس پیز کو وارننگ دی کہ وہ چالان کیے جانے کے وقت موجود رہیں، انھوں نے افسران سے کہاکہ وہ کیے گئے چالان کے اسٹیٹس نکال کر چیک کریں کہ کس مد میں چالان کیے گئے ہیں، انھوں نے کہا کہ بلاوجہ ڈرائیورز کو روک کر اتھارٹی لیٹر کیوں مانگے جارہے ہیں؟ گاڑیوں کے پیپرز چیک کرنا ٹریفک پولیس کا کام نہیں بلکہ ٹریفک روانی بحال رکھنا ٹریفک پولیس کی ڈیوٹی ہے، انھوں نے آڈیو پیغام میں کہا کہ صوبائی حکومت اور افسران بالا کی طرف سے گاڑیوں پر ہری اور پولیس کی نمبر پلیٹ اور نیلی بتی لگانے والے غیرمجاز افراد کے خلاف کارروائی کے احکامات دیئے گئے تھے جبکہ انفورسمنٹ افسران نے اپنا اینگل لگا کر کارروائیاں شروع کردی ہیں ، انھوں نے ون وے کی خلاف ورزری اور چھتوں پر سواری بٹھانے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ انفورسمنٹ افسران آسان ٹارگٹ نہ ڈھونڈیں. انھوں نے کلفٹن اور ناظم آباد میں ٹریفک پولیس کی جانب سے کی گئی کارروائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں ٹریفک پولیس کیلیے بدنامی کا باعث بن رہی ہیں.