You are currently viewing ڈیزائنر کا مخصوص سائز کے کپڑے ڈیزائن کرنا صحتمند رجحان نہیں، صنم جنگ

ڈیزائنر کا مخصوص سائز کے کپڑے ڈیزائن کرنا صحتمند رجحان نہیں، صنم جنگ

کراچی (ڈیسک) ٹی وی میزبان اور پاکستانی شو بز انڈسٹری کی اداکارہ صنم جنگ نے کہا ہے کہ ڈیزائنر صرف ایک مخصوص سائز کے کپڑے ہی ڈیزائن کرنا چاہتے ہیں ، وہ سمجھتے ہیں کہ ہمارے ڈیزائن کیے ہوئے کپڑے مخصوص فگر کی ماڈلز پر جچ سکتے ہیں جو کوئی صحت مند رجحان نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے صنم جنگ نے بتایا کہ میں نے شو بز انڈسٹری ترک کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا، بیٹی کی پیدائش کے وقت جب میں مارننگ شو کی میزبانی کر رہی تھی تو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لوگوں کے منفی تبصروں سے دل ہار بیٹھی تھی۔
صنم نے بتایا کہ جسمانی خد و خال میں تبدیلی کے باعث کپڑوں کی تلاش بہت مشکل ہو گئی تھی، جب کہ ڈیزائنرز کے بنائے ہوئے کپڑے ایک مخصوص فگرز رکھنے والی خواتین کے لیے ہی ڈیزائن کیے جاتے ہیں جو ان پر فٹ بیٹھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے وہ وقت بہت تکلیف دہ تھا جب مجھے اس بات کا احساس دلایا جاتا کہ میرا وزن بہت بڑھ گیا ہے، مجھے اسکرین پر مزید کام نہیں کرنا چاہیے۔
اداکارہ نے کہا کہ کہ اس کڑے وقت میں میرے شوہر نے میرا بہت ساتھ دیا، انھوں نے میری ہمت بندھائی اور میری تعریف کی اور کہا کہ مجھے ہمت نہیں ہارنی، وقت ایک سا نہیں رہتا، اچھا وقت دوبارہ لوٹ کر آئے گا۔