اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت ڈیجیٹل میڈیا اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے یکطرفہ قانون سازی کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی، اس معاملے پر تمام صحافتی تنظیموں اور پریس کلبوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے لیے ہیلتھ انشورنس اسکیم کا جلد آغاز کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل پریس کلب کی مستقل بلڈنگ کی تعمیر اور موجود بلڈنگ کی بہتری کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے، این پی سی کے لیے سالانہ گرانٹ کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نیشنل پریس کلب کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے، حکومت پریس کلب کو مستقل گرانٹ کی فراہمی یقینی بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ سے ملاقات کر کے مالی بجٹ میں پریس کلب کے لیے سالانہ گرانٹ مختص کرانے کے معاملے پر بات کی جائے گی۔
اس موقع پر صدر نیشنل پریس کلب اظہر جتوئی نے کہا کہ حکومت پریس کلب کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے، صحافیوں کو موجودہ دور میں متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔
قائم مقام سیکریٹری نیشنل پریس کلب عون شیرازی نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد کی صحافتی کمیونٹی کے لیے میڈیا ٹاؤن فیز ٹو بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اشتہارات کو ورکرز کی تنخواہوں کے ساتھ مشروط کرنا اہم قدم ہوگا۔
وفد میں صدر اظہر جتوئی، قائم مقام سیکریٹری عون شیرازی، سیکریٹری فنانس وقار عباسی اور گورننگ باڈی کے اراکین شامل تھے، اس موقع پر پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن بھی موجود تھے۔